لاہور: گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے کل وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کے اعلان پر سیکریٹری صحت پنجاب نے بدنظمی کے الزام پر ینگ ڈاکٹرز کی قیادت کے خلاف بڑا ایکشن لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکریٹری صحت پنجاب نے بد نظمی پر ینگ ڈاکٹرز کے ’گرینڈ ہیلتھ الائنس‘ کے چیئرمین ڈاکٹر سلمان حسیب کو معطل کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر سلمان حسیب کو سروسز اسپتال سے پیڈا ایکٹ کے تحت معطل کیا گیا ہے، چلڈرن اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کے صدر ڈاکٹر احمد یار کو بھی معطل کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ معطل ڈاکٹر احمد یار پر ہنگامہ آرائی کے الزامات ہیں، جنرل اسپتال کے ڈاکٹر محمد عامر بشیر بھی برطرف کر دیے گئے ہیں، ان پر او پی ڈی بندش کا الزام ہے۔ معطل ڈاکٹرز کو فوری طور پر محکمہ صحت پنجاب رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جماعت اسلامی کی ڈاکٹرز کے احتجاج کی حمایت لیکن او پی ڈی میں احتجاج نہ کرنے کی اپیل
واضح رہے کہ جماعت اسلامی پاکستان نے ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کی حمایت کر دی ہے، تاہم حافظ نعیم الرحمان نے اپیل کی ہے کہ وہ او پی ڈی کا احتجاج ختم کر دیں۔ گزشتہ روز حافظ نعیم سے منصورہ میں پنجاب پیرا میڈیکل کے نمائندوں نے ملاقات کی تھی، جس کے بعد انھوں نے پنجاب دیہی مراکز صحت کے نجکاری کے خلاف پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
حافظ نعیم نے ڈاکٹرز کے احتجاج کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وائٹ کوٹ احتجاج کی جماعت اسلامی حمایت کرتی ہے، اگر حکومت نے احتجاج کو کچلنے کی کوشش کی تو اسے پورے ملک میں نتائج بھگتا پڑیں گے۔