کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں آوارہ کتے نے دو سالہ بچے پر حملہ کر کے اُسے زخمی کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گورنگی میں واقع گلزار کالونی میں آوارہ کتے نے دو سالہ بچے کلیم اللہ پر حملہ کیا اور اُس کے چہرے پر کاٹ لیا جس کی وجہ سے اُس کی آنکھ ضائع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
کتے کے بھنبھوڑنے کی وجہ سے بچے کا چہرہ بری طرح سے متاثر ہوا۔ متاثرہ بچے کے والد کا کہنا ہے کہ ’میرے بچے پر ایک روز قبل کتے نے حملہ کیا جس میں اُس کا چہرہ بری طرح سے متاثر ہواہے‘۔
اُن کا کہنا تھاکہ ’ڈاکٹرز نے بتایا کہ بچے کی آنکھ بری طرح سے متاثر ہوئی ہے، اگر آنکھ ضائع ہوگئی تو ذمہ دار کون ہوگا؟، میں بچے کے علاج کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتا ہے متعلقہ حکام مدد فراہم کریں‘۔
مزید پڑھیں: کتے نے نومولود بچے کو آپریشن تھیٹر میں بھنبھوڑ کر مار ڈالا
کلیم اللہ کا کہنا تھا کہ ’میرے پاس اتنے پیسے بھی نہیں کہ بیٹے کا علاج کرواسکوں، ڈاکٹرز نے بتایا کہ بروقت طبی امداد نہ ملی تو بچے کی ایک آنکھ کی بینائی ضائع ہوسکتی ہے‘۔
دو سالہ بچے کو بچانے والے شخص پر بھی کتے نے حملہ کیا، خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہا۔
یاد رہے کہ سندھ میں بالخصوص لاڑکانہ اور کراچی میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے پہ در پہ واقعات سامنے آتے ہیں، اب تک کئی شہری اور بچے آوارہ کتوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔