دوحہ: قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اقوام متحدہ کے تحت افغانستان سے متعلق 2 روزہ کانفرنس شروع ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق دوحہ میں افغانستان پر اقوام متحدہ کا دو روزہ اجلاس شروع ہو گیا ہے، جس میں مختلف ممالک کے خصوصی نمائندے شریک ہیں، یہ سیشن چار حصوں اور مسلسل چار اجلاسوں پر مشتمل ہوگا۔
قطر میں اقوامِ متحدہ کے زیر اہتمام اس نوعیت کی ایک سال سے بھی کم عرصے میں یہ دوسری میٹنگ ہے، مئی 2023 میں ہونے والے اجلاس میں طالبان کو مدعو نہیں کیا گیا تھا، اس کانفرنس میں پہلی بار طالبان کو بھی مدعو کیا گیا، تاہم آج پہلا اجلاس طالبان کے نمائندوں کی موجودگی کے بغیر ہوگا۔
شرکت کی دعوت پر طالبان نے اعلان کیا کہ انھوں نے شرائط پیش کیں جنھیں اقوام متحدہ نے قبول نہیں کیا، اس لیے وہ اس اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ طالبان کی دو شرائط تھیں: پہلی، انھوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی سطح پر ملاقات کی درخواست کی، اور دوسری، انھوں نے ملک کے واحد نمائندے ہونے پر اصرار کیا۔ یہ دونوں شرائط اقوام متحدہ نے مسترد کر دی تھیں۔ دوسری طرف طالبان کو دوحہ اجلاس میں مدعو کیے جانے پر بھی سیاسی گروپوں اور خواتین مظاہرین کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کانفرنس کے ایجنڈے کا ایک اہم موضوع اقوامِ متحدہ کے ایک ایلچی کا ممکنہ تقرر ہے جو کابل میں طالبان لیڈروں کے ساتھ بڑھتے ہوئے بین الاقوامی رابطوں کو مربوط کرے گا، امریکا، چین اور روس کے علاوہ یورپی ممالک بھی کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں، کانفرنس میں انسانی حقوق کے بحران اور افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی ایلچی آصف درانی پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔