کراچی: امریکی ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی شدید مندی جاری ہے، اسٹاک مارکیٹ 367 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ کھلی اور صرف 20 منٹ میں 1 ہزار 111 پوائنٹس گر گئے۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز 16 مئی 2022 سوموار کو اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی۔ دن کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 367 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد انڈیکس 43 ہزار 118 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
دن کے وسط تک انڈیکس 43 ہزار پوائنٹس سے نیچے گر گیا، 1 ہزار 111 پوائنٹس کی کمی کے بعد انڈیکس 42 ہزار 375 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
دوسری جانب ڈالر کی قیمت بھی نئی بلندی پر پہنچ گئی، دن کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی ہوئی جس کے بعد ڈالر 192 روپے 38 پیسے پر پہنچ گیا۔
دن کے اختتام تک ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 65 پیسے اضافہ ہوا اور ڈالر 194 روپے 18 پیسے پر بند ہوا۔
Interbank closing #ExchangeRate for todayhttps://t.co/TtjdrtMGRY pic.twitter.com/6xuz1oyA8g
— SBP (@StateBank_Pak) May 16, 2022
فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے 50 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 195 روپے 50 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔
خیال رہے کہ یکم اپریل سے اب تک ڈالر 10 روپے 7 پیسے مہنگا ہوچکا ہے، شہباز حکومت کی ایک ماہ کی حکومت کے دوران مارکیٹ سے تقریباً 4 ارب ڈالرز نکل گئے ہیں۔
ایک ماہ میں اسٹاک مارکیٹ تقریباً 4 ہزار پوائنٹس گر گئی، شہباز حکومت آئی تو پاکستان اسٹاک مارکیٹ 46 ہزار 407 پوائنٹس پر تھی، ایک ماہ میں اسٹاک مارکیٹ مسلسل مندی کا شکار رہ کر 3 ہزار 596 پوائنٹس گر گئی۔