اسلام آباد : بینکوں نے پرانے امریکی ڈالر لینے سے انکار کردیا، بینک حکام کا کہنا ہے کہ پرانے نوٹوں کے جعلی ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ بیرون ملک سفر کرنے والےبھی نئے نوٹ مانگ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بینکوں نے پرانے امریکی ڈالر کے لین دین سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔ جس کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس حوالے سے بینکنگ سیکٹر ذرائع کا کہنا ہے کہ پرانے ڈیزائن کے ڈالرز میں جعلی ہونے کا خدشہ زیادہ ہے۔ دوسری جانب بیرون ملک سفر کرنے والے افراد بھی نئے نوٹ ہی طلب کررہے ہیں۔
بینکنگ ذرائع کے مطابق چین، تھائی لینڈ اور روس میں بھی پرانے نوٹوں کی قبولیت نہ ہونے کے برابر ہے، البتہ منی چینجرز پرانے نوٹ لے رہے ہیں۔ لیکن ان کے بدلے میں پیسے کم دے رہے ہیں۔
منی چینجرز کا کہنا ہے کہ پرانے نوٹ دبئی ایکسپورٹ کرنے میں اخراجات آتے ہیں اس لئے وہ چارج کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی بینک کی جانب سے غیر ملکی کرنسی کے معاملے پر کوئی پالیسی ہے ہی نہیں۔