کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 20 جولائی سے 31 اکتوبر تک نئے ایس او پیز جاری کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اقدامات جاری ہیں، اکتیس اکتوبر تک نئے ایس او پیز جاری کر دیے گئے، جو کہ ڈومیسٹک پروازوں، چارٹرڈ اور پرائیوٹ ایئر کرافٹ کے لیے ہیں۔
ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ عرفان صابر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام ایئر لائنز ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں، اور رش سے بچنے کے لیے ایئر لائنز پروازوں کے اوقات کار پر عمل کریں۔
سی اے اے کے مطابق ایئر پورٹ پر ماسک کے ساتھ صرف ایک فرد کے داخلے کو یقینی بنایا جائے گا، ڈرائیور مسافر کو ڈومیسٹک ڈپارچر تک چھوڑ سکتا ہے، پروٹوکول پر پابندی ہوگی، ایئر پورٹ منیجرز ایئر پورٹ پر سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں گے۔
سی اے اے نوٹیفکیشن میں کاؤنٹرز پر سینیٹائزر رکھنے اور مسافروں کو بھی دینے کی ہدایت کی گئی ہے، کہا گیا ہے کہ مسافر کو سینیٹائزر نہ مل سکا تو کیبن کریو ان کو فراہم کرے گا، مسافر کے پاس فیس ماسک نہیں ہوا تو بھی ایئر لائن انھیں ماسک دے گی۔
مسافروں کو سوار کرنے سے پہلے طیارے کو ڈس انفیکٹ کرایا جائے گا، سی اے اے نے ایئر کرافٹس میں کٹس، این 95 ماسک، گلوز اور دیگر اشیا رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
سی اے اے کے نوٹیفکیشن میں اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ مسافروں کو پیکڈ کھانا دینے کی اجازت دے دی گئی ہے، پروازوں سے متعلق نئے ایس او پیز کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کھانے پینے کی پیکڈ اشیا دوران پرواز مسافروں کو پیش کی جا سکتی ہیں۔
مسافروں کے لیے سینیٹائزر کا بندوست ایئر لائن کے ذمہ ہوگا، دوران پرواز ماسک لازمی پہنا جائے گا، پرواز کے دوران مسافروں کی ماسک کے ساتھ تصاویر لی جائیں گی، یہ تصاویر سی اے اے کے متعلقہ سیکشن کے حوالے کی جائیں گی، مسافروں اور کیبن کریو کے موبائل نمبر اور تفصیلات کا ڈیٹا بھی محفوظ رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ نئے احکامات 31 اکتوبر 2021 تک قابل عمل ہوں گے۔