لندن : ٹرمپ کو برطانیہ آنے سے روکنے کی پٹیشن پرلاکھوں افراد نے دستخط کردیئے، آسکر کیلیے نامزد ایرانی ڈائریکٹر نے بھی احتجاجاًایوارڈزکی تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹرمپ کے مسلم ممالک کے خلاف بیان اوراقدامات پر صرف امریکہ ہی نہیں یورپ میں بھی شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، ٹرمپ کے ایک دستخط نے برطانیہ میں چودہ لاکھ دستخط کرادیئے۔ برطانوی عوام نے ٹرمپ کو برطانیہ آنے سے روکنے کیلئے پٹیشن پردستخط کر دیئے۔
برطانوی شہریوں نے پٹیشن سائن کرکے حکومت کے آگے مطالبہ رکھا ہے کہ وہ ٹرمپ کو برطانیہ نہ آنے دیں، جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے بھی ٹرمپ کے فیصلے پر کہا ہے کہ مسلمانوں پر پابندی ناانصافی ہے۔
دوسری جانب آسکر ایوارڈ کیلیے نامزد ایران کے ڈائریکٹراصغرعلی نے احتجاجاً ایوارڈ کی تقریب میں جانے سے انکار کردیا، ان کا کہنا ہے ان کا یہ اقدام مسلمانوں پر پابندی کے خلاف احتجاج ہے، یاد رہے کہ ٹرمپ کے اقدام کے خلاف دنیا بھر میں ہر مذہب کے لوگ سراپا احتجاج ہیں۔