پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

ڈونلڈ ٹرمپ نے آج کا دن روس اور یوکرین کے لیے ممکنہ بڑا دن قرار دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج کا دن روس اور یوکرین کے لیے ممکنہ بڑا دن قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا ہے کہ آج کا دن روس اور یوکرین کے لیے ایک ممکنہ طور پر بڑا دن ہے۔

امریکی صدر نے روس اور یوکرین کے درمیان طویل جنگ کے بعد سیز فائر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کبھی نہ ختم ہونے والی خون کی ہولی کا خاتمہ ہو جائے گا، ایسے میں ان لاکھوں زندگیوں کے بارے میں سوچیں جو محفوظ ہو جائیں گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے روس یوکرین جنگ بندی کے بعد کی دنیا کو ایک نئی اور بہتر دنیا قرار دیا، اور کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے فریقین کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ صدر نے مزید کہا کہ امریکا جنگ کی بجائے تعمیر نو اور تجارت پر توجہ مرکوز کرنا چاہتا ہے، اور اس لیے آنے والا ہفتہ بہت اہم ہے۔


روس یوکرین جنگ کا خاتمہ بھی قریب آ گیا، پیوٹن کی بڑی پیش کش


واضح رہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کے ساتھ 15 مئی کو استنبول میں براہ راست مذاکرات کی تجویز پیش کی ہے، اور ان مذاکرات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان پائیدار امن لانا اور جنگ کی بنیادی وجوہ کا خاتمہ کرنا بتایا گیا ہے۔ ترک حکام نے بھی مذاکرات کی میزبانی کی تصدیق کر دی ہے اور کہا ہے کہ وہ ایک بار پھر روس یوکرین تنازع کے پر امن حل کے لیے ثالثی کا کردارادا کرنے کو تیار ہیں۔

ہفتے کے روز کریملن سے رات گئے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک خطاب میں پیوٹن نے کہا ’’ہم تنازع کی بنیادی وجوہ کو دور کرنے اور ایک دیرپا، مضبوط امن کی طرف بڑھنا شروع کرنے کے لیے سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں۔‘‘

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں