واشنگٹن: امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ برلن حملے اور روسی سفیر کی ہلاکت سے مسلمانوں کی چھان بین سے متعلق میرا مؤقف درست ثابت ہوا۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ حالیہ واقعات انسانیت پر حملہ ہیں۔
ترکی میں روسی سفیر کی ہلاکت اور برلن میں کرسمس مارکیٹ پر حملے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں لیکن امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر مسلمانوں کو ہدف تنقید بنا ڈالا۔
فلوریڈا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران مسلمانوں کی سخت چھان بین کا مطالبہ حالیہ حملوں نے درست ثابت کر دکھایا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آپ میرے مؤقف سے آگاہ ہیں۔ میرا مؤقف 100 فیصد درست ہے۔ جو کچھ ہو رہا ہے شرمناک ہے۔
نو منتخب امریکی صدر نے کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد مسلمانوں کے امریکا میں داخلے کے قوانین کو مزید سخت کیا جائے گا۔ جن ملکوں میں دہشت گردی کی شرح زیادہ ہے ان ملکوں کے افراد کو امریکا میں داخلے سے روکا جائے گا تاکہ امریکیوں کی زندگی کو محفوظ بنایا جاسکے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل جرمنی کے دارالحکومت برلن میں کرسمس کی خریداری کے حوالے سے لگی ایک مارکیٹ میں ایک شخص نے ٹرک شہریوں پر چڑھا دیا۔ واقعے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔