جمعہ, فروری 14, 2025
اشتہار

ڈونلڈ ٹرمپ نے اتحادی ممالک کو دشمنوں سے زیادہ بدتر قرار دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتحادیوں اور حریفوں پر جوابی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ امریکا کے اتحادی تجارت کے معاملے میں دشمنوں سے زیادہ بدتر رہے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک روڈ میپ پیش کیا ہے، جس کے تحت ان ممالک پر جوابی محصولات عائد کیے جائیں گے جو امریکی درآمدات پر ڈیوٹیز عائد کرتے ہیں۔

اس حوالے سے صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ تجارتی شراکت داروں پر جوابی ٹیکس لگانا امریکا کے مفاد میں ہے، شراکت دار ملکوں پر جوابی ٹیکس سے شفافیت آئے گی۔

روس یوکرین جنگ کے حوالے سے امریکی صدر نے کہا کہ روس یوکرین میں جنگ ہی نہیں ہونی چاہیے تھی، سابق بائیڈن حکومت نے کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ فوجی اخراجات میں ایک ٹریلین ڈالر خرچ ہورہے ہیں یہ رقم بہت زیادہ ہے، میں کہتا ہوں ایک ٹریلین ڈالر دیگر چیزوں پر خرچ ہونا چاہیے۔ امریکا کے پاس دنیا کا بہترین فوجی سامان موجود ہے۔

روس یوکرین جنگ کے خاتمے سے متعلق انہوں نے کہا کہ میونخ میں روس اور یوکرین کے درمیان بات چیت کا امکان ہے جس میں سعودی عرب بھی شرکت کررہا ہے۔

دوسری جانب جوابی محصولات عائد کیے جانے کے حوالے سے وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے اقدام سے اقتصادی اور قومی سلامتی کو تقویت ملے گی۔

یہ محصولات فی الفور نافذ نہیں ہوئے البتہ چند ہفتوں میں لاگو کیے جاسکتے ہیں، وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار کے مطابق ٹرمپ کی تجارت اور معیشت سے متعلق ٹیم اس وقت دو طرفہ تجارتی اور محصولات کے تعلقات کا جائزہ لے رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ پہلے ان معاملات پر غور کرے گی، جو سب سے زیادہ "سنگین” سمجھے جاتے ہیں، جیسے کہ وہ ممالک جن کا امریکہ کے ساتھ تجارتی سرپلس سب سے زیادہ ہے یا جو بلند ترین محصولات عائد کرتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں