امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ سعودی عرب کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جہاں وہ ایک بڑے تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ میں سعودی عرب جا رہا ہوں تاہم انہوں نے دورے کی تاریخ کا ذکر نہیں کیا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا ’میں نے کہا کہ میں اس وقت جاؤں گا جب آپ امریکی کمپنیوں سے ایک کھرب ڈالر، یعنی ایک ٹریلین ڈالر کی خریداری کریں گے، انہوں نے اس پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، لہٰذا میں وہاں جا رہا ہوں۔‘
سعودی عرب حالیہ دنوں میں روس اور یوکرین کے ساتھ امریکی سفارت کاری کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ٹرمپ نے سعودی عرب کے ساتھ قریبی تجارتی تعلقات پر زور دیا ہو، 2017 میں بھی پہلی مدتِ صدارت کے دوران صدر ٹرمپ نے پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا۔