واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد کہا ہے کہ ایران مذاکرات کرے یا پھر کسی بھی طرح کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران سے کیا جانے والا جوہری معاہدہ بہت بڑی غلطی تھی، اب وقت آگیا ہے کہ ایران پر مزید پابندیاں عائد کی جائیں اور اسے سمجھوتے کی آڑ میں دی جانے والی رعایتیں ختم کی جائیں۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ اگر ایران نے جوہری معاہدے پر دوبارہ کام شروع کیا تو اس کے بھیانک نتائج بھگتنے ہوں گے، ایران نے جوہری پروگرام کا آغاز کیا تو اس کا بروقت جواب دیا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے جوہری پروگرام کو بند کریں، یہ مشورہ ابھی زبانی ہے ضرورت پڑنے پر طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: جوہری معاہدے سے علیحدگی کے بعد امریکی صدر ایران پر پابندیاں عائد کرنے کے لیے تیار
امریکی وزیر دفاع جیمس میٹس کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ طے پانے والے معاہدے سے علیحدگی کے بعد فوج کو اضافی فنڈںگ کی ضرورت نہیں ہے اور فوج کی جانب سے ایسی کوئی درخواست بھی سامنے نہیں آئی ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران پر سخت پابندیاں لگائیں گے، ایران سے جوہری تعاون کرنے والی ریاست پر بھی پابندیاں لگائیں گے۔