تازہ ترین

ٹرمپ نے فراڈ کیس کو انتقامی کارروائی قرار دیدیا

نیویارک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فراڈ کیس کو انتقامی کارروائی قرار دیدیا، انہوں نے کہا کہ عدالتی کارروائی کے لئے انتخابی مہم چھوڑ کر آنا پڑا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک کی عدالت کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ جھوٹ بول رہی ہے۔

اٹارنی جنرل نیویارک نے کہا کہ ٹرمپ کوحساب دینا ہوگا، قانون کی عملداری قائم ہو کر رہے گی۔

واضح رہے کہ فراڈ کیس میں ٹرمپ مسلسل دوسرے روز سول کورٹ میں پیش ہوئے، آئندہ الیکشن کیلئے ٹرمپ ریپبلکن نامزدگی کی دوڑ میں تاحال سرفہرست ہیں۔

اس سے قبل امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک مقدمے کی سماعت کے موقع پر جج نے انہیں ڈانٹ پلادی تھی، جج کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر عدالتی عملے کیخلاف کسی بات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ”ریئل اسٹیٹ انڈسٹری میں کئی لوگوں اور اداروں کو برسوں سے دھوکہ دینے کے الزام کے حوالے سے نیویارک کی عدالت میں جاری مقدمے سے متعلق پوسٹ جاری نہ کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مین ہیٹن میں سپریم کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے دوسرے دن بھی عدالت میں موجود تھے۔

کیس کی سماعت کرنے والے جج آرتھر اینگورون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر عدالتی عملے کے بارے میں ان کی پوسٹ پر ٹرمپ کو ڈانٹا اور ان کے بارے میں پوسٹ جاری نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

Comments

- Advertisement -