واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی بدحواسیوں کی روایت تاحال برقرار رکھی ہوئی ہے سری لنکا میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں ہلاک افراد کی تعداد ایک سو اڑتیس ملین لکھ دی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سری لنکا میں پے در پے ہونے والے آٹھ دھماکوں پر ٹوئٹر پر اپنے تعزیتی پیغام میں سنگین غلطی کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے غیرسفارتی رویے پرشدید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ صدر ٹرمپ نے مدہوشی کی حالت میں ٹویٹ کی ہے، شاید صدر ابھی تک نیند سے پوری طرح بیدار نہیں ہوئے‘ اور ’صدر ٹرمپ کو انسانی جانوں کو بھی کاروباری اعداد و شمار سے جانچتے ہیں۔
بعد ازاں حالات کی نزاکت کا احساس ہوتے ہی ٹرمپ نے پہلی ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کی اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ بدحواسیوں کی خبریں عالمی میڈیا کی زینت بن چکی ہیں۔