سابق بھارتی ہیڈ کوچ روی شاستری نے پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے متعلق بڑی پیشگوئی کردی۔
روی شاستری نے نیدرلینڈ کے خلاف پاکستان کے لازمی میچ جیتنے سے قبل آفریدی کی بین الاقوامی کرکٹ میں مایوس کن واپسی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
گھٹنے کی انجری کے باعث آفریدی پورے ایشیا کپ سے باہر ہو گئے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے ٹاکرے روایتی حریف بھارت کے خلاف ان کی واپسی ہوئی تھی۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ میرے لیے ایک بات واضح ہے کہ شاہین آفریدی پوری طرح فٹ نہیں ہے اسے جلد واپس لایا گیا ہے اور اس سے توقعات بھی بہت زیادہ ہیں کیونکہ یہ ورلڈ کپ ہے تو اس پر دباؤ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ملک چاہتا ہے کہ وہ کھیلے اور سلیکٹرز چاہتے ہیں کہ وہ کھیلے لیکن وہ پوری طرح فٹ نہیں ہے اور اسے مکمل ردھم میں آنے کے لیے وقت لگتا ہے اس لیے مجھے لگتا ہے کہ وہ ورلڈکپ کے بعد لمبی بریک لے گا۔