نئی دہلی: بھارت ورلڈ کپ میں پاکستان سے کھیلنے پر راہ فرار اختیار کرنے لگا، سابق بھارتی بلے باز گوتم گھمبیر نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان سے نہیں کھیلنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر بلے باز گوتم گھمبیر پاکستان کے خلاف بات کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، اب ورلڈ کپ میں پاکستان سے کھیلنے پر ان کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان سے نہیں کھیلنا چاہتا ہے۔
گوتم گھمبیر نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے یہ دو پوائنٹس اہمیت نہیں رکھتے ہیں، بھارتی ٹیم اتنی مضبوط ہے کہ دو پوائنٹس پاکستان کو مل جاتے ہیں تو بھی فائنل میں پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت ٹیمیں اگر فائنل میں بھی پہنچ جاتی ہیں تو بھارت کو فائنل کھیلنے سے انکار کردینا چاہئے۔
یہ پڑھیں: خواجہ سراؤں کی تقریب میں گوتم گھمبیر کی زنانہ لباس میں شرکت
سابق پاکستانی فاسٹ بولر تنویر احمد نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گوتم گھمبیر سوچے سمجھے بغیر فضول سی باتیں کررہے ہیں، یہ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ پاک بھارت کشیدگی میں بھارت جو بات کررہا ہے وہ صحیح ہے۔
تنویر احمد نے کہا کہ یہ لوگ سیاست کو کھیل میں لے کر آجاتے ہیں ان کے مقابلے میں ہماری عوام بہت بہتر ہے، ہمارے یہاں سیاست کو کھیل میں شامل نہیں کیا جاتا ہے۔
اسپورٹس روم کے میزبان نجیب الحسنین کے مطابق بھارت میں اگر سچن ٹنڈولر اور سنیل گواسکر پاکستان کے خلاف بات نہ کریں تو انہیں اینٹی نیشنل کہہ دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ بھارت نے اگر ورلڈ کپ میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کیا تو دو پوائنٹس پاکستان کو دے دئیے جائیں گے۔