منگل, جنوری 21, 2025
اشتہار

استعفوں کی حامی نون لیگ کا دہرا معیار سامنے آگیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پی ڈی ایم میں دراڑ پڑنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ کا دہرا معیار ایک بار پھر عیاں ہونے لگا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم میں دراڑ ڈالنے کا ذمے دار قرار دینے والی پاکستان مسلم لیگ نون کا دہرا معیار سامنے آیا ہے، پی ڈی ایم کے اجلاسوں میں قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے سے متعلق فیصلے پر لبیک کہنے والی نون لیگ خود ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کے لئے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرچکی ہے۔

یہ انتخابی مہم کراچی کے حلقے این اے 249 میں سابق وزیراعظم اور نون لیگ کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے گذشتہ رات شروع کی، جہاں انہوں نے انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا اور کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے۔

- Advertisement -

شاہد خاقان عباسی نے الزام عائد کیا کہ وفاقی حکومت عوام کے لئے کچھ نہیں کررہی ہے، اگر آپ نے ترقی کرنی ہے تو ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل کو کامیاب کرانا ہوگا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ابھی تک پی ڈی ایم کو متحد رکھنے کے دعوی اس میں شامل تمام جماعتوں کی جانب سے کئے جارہے ہیں تاہم عملا یہ اتحاد ختم ہوچکا ہے، جس کی تازہ مثال این اے 249 کا ضمنی الیکشن ہے، جہاں ایک طرف نون لیگ نے اپنی انتخابی مہم شروع کردی ہے جبکہ پیپلز پارٹی بھی علی الاعلان کہہ چکی ہے کہ این اے 249 میں پیپلز پارٹی علیحدہ حیثیت میں الیکشن لڑے گی۔

یہ بھی پڑھیں:  این اے 249 سے متعلق پیپلز پارٹی کا دو ٹوک اعلان

روز اول سے پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ پارلیمنٹ ہی مقدم ہے اورتمام مسائل کو پارلیمنٹ میں رہ کر ہی حل کیا جاسکتا ہے، قومی اسمبلیوں سے استعفی دینا حکومت کو مضبوط کرنے کے مترادف ہوگا۔

دوسری جانب نون لیگ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کے فیصلے کو درست قرار دیتی ہے، نون لیگ کا موقف ہے کہ حکومت پر دباؤ بڑھانے کا یہ بہترین طریقہ ہے۔

واضح رہے کہ این اے 249 کی نشست فیصل واوڈا کے سینیٹر بننے کے بعد خالی ہوئی ہے، اس حلقے میں پانچ اپریل کو ضمنی الیکشن کا میدان سجے گا، پاکستان تحریک انصاف نے اس حلقے سے امجد آفریدی کو اپنا حمتی امیدوار نامزد کردیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں