اسلام آباد: نوبل انعام یافتہ اور پاکستان کے نامور سائنسدان ڈاکٹرعبد السلام کے مجسمے کی رونمائی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرعبد السلام کے مجسمے کی رونمائی بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈی جی یوکیا امانو نے کی، ڈاکٹرعبدالسلام نوبل انعام حاصل کرنیوالی پہلی پاکستانی شخصیت ہیں۔
ڈاکٹرعبدالسلام کے مجسمے کو آئی اے ای اے ہیڈکواٹرز میں رکھا جائے گا، مجسمے کودوسرے مشہور سائنسدانوں کے مجسموں کیساتھ رکھا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹرعبدالسلام دنیا میں سائنسی علم کی بنیاد کی وسعت پر یقین رکھتے تھے، ڈاکٹرعبدالسلام ایٹم کوامن کیلئے استعمال کرنے کے داعی تھے، ڈاکٹرعبدالسلام نیوکلیئر سائنس وٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے سرگرم عمل رہے۔
واضح رہے کہ جھنگ میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر عبدالسلام کو 1979میں طبعیات میں گرانقدر تحقیق پر نوبل انعام سے نوازا گیا، حکومت پاکستان کی جانب سے بھی انہیں صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی، ستارہ امتیاز اور نشان امتیاز کے اعزازات سے نوازا گیا تھا۔
ڈاکٹر عبدالسلام کو دنیا کی 36 یونیورسٹیوں نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگریاں عطا کی تھیں اس کے علاوہ انہیں 22 ممالک نے اپنے اعلیٰ اعزازات سے نوازا تھا۔