پیر, دسمبر 23, 2024
اشتہار

اردو کے ممتاز محقّق اور مضمون نگار ابو سلمان شاہ جہاں پوری انتقال کرگئے

اشتہار

حیرت انگیز

اردو زبان کے نام وَر محقّق، مضمون نگار، سوانح و تذکرہ نگار ڈاکٹر ابو سلمان شاہ جہاں پوری آج کراچی میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 80 برس تھی۔

ڈاکٹر ابو سلمان شاہ جہاں پوری کا خاص میدان تحقیق تھا اور وہ مولانا ابوالکلام آزادؔ کی شخصیت، اُن کے افکار اور ان کے علمی و ادبی کارناموں پر سند مانے جاتے ہیں جو اس حوالے سے اپنی تصانیف کی وجہ سے ممتاز ہوئے۔ آپ نے گزشتہ نصف صدی اور موجودہ صدی کی پہلی دہائی میں دنیائے ادب اور سیاست کی اس نابغہ روزگار شخصیت کی زندگی اور تخلیقی سفر کے مختلف پہلوؤں‌ پر اتنا وقیع کام کیا جس کی مثال مشکل سے ملتی ہے۔

ڈاکٹر ابو سلمان نے ابتدائی تعلیم شاہ جہان پور سے مکمل کی۔ حفظِ قرآن کے ساتھ ابتدائی عربی اور فارسی کا درس لیا۔ تقسیم کے بعد 1950ء میں آپ پاکستان آگئے اور کراچی یونیورسٹی سے ایم۔اے (اُردو) اور 1980ء میں سندھ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ آپ مولانا ابوالکلام آزاد سے بہت متاثر تھے اور انھیں‌ اپنی تحقیق کا موضوع بنائے رکھا جس کی بنا پر آپ کو ‘آزاد شناس’ بھی کہا جاتا ہے۔

- Advertisement -

آپ 1940ء میں شاہ جہاں پور (روہیل کھنڈ، یوپی) میں محمد حسین خان کے ہاں پیدا ہوئے، جنھوں‌ نے آپ کا نام تصدق حسین خان رکھا اور جب آپ نے قلمی سفر شروع کیا تو ابو سلمان الہندی کے نام سے خود کو متعارف کروایا۔ آپ نے حامد بدایونی کالج، کراچی میں تدریس کے فرائض‌ بھی انجام دیے۔

پاک و ہند کی سیاسی تاریخ، جدوجہد کی آزادی کی تحریکات، تنظیمات، شخصیات اور ان تحاریک کے نشیب و فراز ڈاکٹر صاحب کی تحقیق کے خاص میدان رہے۔

1957 ء تا 1974ء ابو سلمان کے سیکڑوں مضامین پاکستان اور ہندوستان کے مختلف رسائل میں شایع ہوئے۔ ان کے کئی مضامین اور مقالے کتابی شکل میں موجود ہیں۔ ان کی چند کتابوں میں‌ "اردو کی ترقی میں مولانا آزاد کا حصہ، اشفاق اللہ خاں شہید، افاداتِ آزاد، تحریکِ نظمِ جماعت،مولانا محمد علی اور ان کی صحافت، ابو الکلام و عبد الماجد، علامہ اقبال اور مولانا محمد علی، پاکستان کے اردو اخبارات و رسائل، مسلم افکارِ سیاست” کے نام شامل ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں