اسلام آباد: خالصتان موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے کہا ہے کہ ہم بھارت میں قید ضرور ہیں مگر اس کا حصہ نہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خالصتان موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے پروگرام ’پاور پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں سکھوں کے ساتھ برا سلوک روا رکھا گیا ہے، ہم زبردستی بھارت کا حصہ ہیں، مرضی سے کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہے ہیں۔
امرجیت سنگھ نے کہا کہ بھارت نے پارلیمنٹ میں آئینی غنڈا گردی کی، ہماری مقدس جگہ دربار صاحب میں ہزاروں سکھوں کو مارا گیا تھا، دریائے جمنا سے واہگہ تک خالصتان ڈکلیئر کرائیں گے۔
رہنما خالصتان موومنٹ نے کہا کہ امریکا میں احتجاج کے دوران خالصتان کا جھنڈا لہرائیں گے، بھارت میں کشمیری طلباء ڈرے ہوئے ہیں، برصغیر میں بہت تیزی سے حالات بدل رہے ہیں۔
امرجیت سنگھ نے کہا کہ سکھ قوم نے بھارتی آئین کو کبھی نہیں مانا، ڈیڑھ لاکھ سکھ نوجوانوں کو پنجاب میں جھوٹے مقابلوں میں مارا گیا، ہم مقبوضہ پنجاب کو خالصتان ڈکلیئر کرانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہم نے نیویارک میں ورلڈ سکھ پارلیمنٹ لانچ کی، ورلڈ سکھ پارلیمنٹ 30 ملین سکھوں کی آواز بنے گی، ہم اسے سیاسی بیان بازی تک محدود نہیں کرنا چاہتے ہیں۔
رہنما خالصتان موومنٹ نے کہا کہ 1984 میں اندرا گاندھی سرکار نے سکھوں پر ظلم کیے، ایسوسی ایٹ پریس کے صحافی نے سکھوں پر مظالم رپورٹ کیے تھے۔
امرجیت سنگھ نے کہا کہ برطانوی نشریاتی ادارے نے ڈاکیومنٹری میں ہزاروں کشمیریوں کے نکلنے کو رپورٹ کیا، آج 7 لاکھ فوج پہلے ہی کشمیر کی وادی میں موجود ہے، اب آر ایس ایس کے غنڈے بھرتی کرکے وادی میں بھیجے گئے ہیں۔