لاہور : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اب ابھرتی ہوئی مارکیٹ بن چکا ہے، غیر ملکی مندوبین اپنے ممالک میں پاکستانی سفیر بن کر جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال لاہور میں اکتیسویں تین روزہ ایڈ ایشیا کانفرنس کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق 30سال بعد لاہور میں منعقد ہونے والی اکتیسویں تین روزہ ایڈ ایشیا کانفرنس اپنی رنگینیوں کے ساتھ اختتام پذیرہوگئی۔
کانفرنس میں غیر ملکی مندوبین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، لاہور سے الماس احمد خان نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فیس بک کی ترجمان رینڈی زکربرگ سمیت ایڈ ایشیا کانفرنس میں شریک غیرملکی مندوبین پاکستان سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔
فیس بک کی ترجمان رینڈی زکربرگ نے اپنے خطاب میں پاکستان کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے۔ پی سی بی کے سی ای او وسیم خان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پندرہ ممالک سے254 کھلاڑیوں نے پانچویں پی ایس ایل کے لئے رجسٹریشن کروائی ہے، پی ایس ایل سے دنیا کو ہماری ثقافت دیکھنے کا بھی موقع ملے گا۔
صدر مملکت نے ایڈ ایشیاء کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب میں تمام شرکا بالخصوص غیر ملکی مندوبین کی پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ابھرتی ہوئی مارکیٹ بن چکا ہے، غیر ملکی مندوبین اپنے ممالک میں پاکستانی سفیر بن کر جائیں گے۔