اسلام ۤباد : صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سنگین نوعیت اختیار کرچکا ہے، تنازع کے حل کی طرف جانا ہوگا، عالمی برادری نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی، مودی نے بھارت میں نسل پرستی کی آگ خود لگائی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام ۤباد میں قومی پارلیمنٹیرین کانفرنس برائے کشمیر سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صدر مملکت نے کہا کہ بھارت نے5اگست کو غیرقانونی، غیراخلاقی اور غیرانسانی اقدام اٹھایا۔
مودی نے بھارت میں نسل پرستی کی آگ خود لگائی، قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے اسی ہندو تعصب کو بھانپ کرالگ مملکت بنانے کا تہیہ کیا تھا۔
جواہر لعل نہرو نے اقوام متحدہ میں کشمیر میں استصواب رائے کرانے کا وعدہ کیا تھا، بھارت آج اپنی ہی تاریخ سے جنگ کررہا ہے، بھارت نے آسام میں لاکھوں مسلمانوں کو شہریت سے محروم کردیا۔
ڈاکٹرعارف علوی نے مزید کہا کہ بھارت میں کوئی کشمیر کی بات کرے تو اس کا جینا حرام کردیا جاتا ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کشمیر کو آزاد کرانے کیلئے کوشاں ہیں،۔
کشمیریوں کے جذبہ حریت کو طاقت کے زور پرنہیں دبایا جاسکتا، مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کیں، کشمیر کا مسئلہ سنگین نوعیت اختیار کرچکا ہے، تنازع کے حل کی طرف جانا ہوگا۔
صدر مملکت نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں تحقیقاتی کمیشن بھیجے، اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دی جائے، انہوں نے اپیل کی کہ ہر شخص موبائل فون کے ذریعے بھارتی مظالم دنیا تک پہنچائے۔