اسلام آباد : صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قطر سے کہا ہے کہ قطر کی حکومت مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اُجاگر کرنے کیلئے پاکستانی کوششوں میں مدد کرے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں قطر کے امیری گارڈ کے کمانڈر میجر جنرل حضا بن خلیل بن منصور الشا ہوانی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کی فسطائی حکومت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اوران کی شہری آزادیوں کومعطل کرکے کشمیریوں کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی کررہی ہے۔ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں بی جے پی کی حکومت نے اپنی تمام اقلیتوں سے مخاصمانہ رویہ اختیار کررکھا ہے۔ پاکستان سیکورٹی معاملات میں اپنے وسیع تجربے اور اپنی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کی بدولت فٹ بال کے عالمی کپ 2022 میں قطر کو سیکورٹی فراہم کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایک زرعی ملک ہونے کے ناطے پاکستان قطر کیلئے اپنی زرعی برآمدات میں اضافے کا بھی خواہاں ہے۔
انہوں نے قطر کو 2016ء میں پانچ کروڑ ستتر لاکھ چالیس ہزار ڈالر مالیت کے پاکستان کے آٹھ سپر مشاق جنگی طیاروں کی فروخت کے معاہدے کو سراہا۔
اس موقع پر قطر کے امیری گارڈ کے کمانڈر نے کہا کہ قطر پاکستان کی ہرسطح پر مدد کرنا اپنا مذہبی فرض سمجھتا ہے کمانڈر نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو ایک تلوار بھی پیش کی۔