جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

دنیا میں کسی کو یہ سوچنا بھی نہیں چاہیئے کہ ہمیں نقصان پہنچا سکتا ہے: صدر مملکت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ دنیا میں کسی کو یہ سوچنا بھی نہیں چاہیئے کہ ہمیں نقصان پہنچا سکتا ہے، ہماری افواج دہشت گردی سے نمٹنے میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں، دہشت گردی کے خلاف کیسے لڑنا ہے ہم دنیا کو سکھا سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی ایئر فورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں، مسلح افواج نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، ہماری افواج دہشت گردی سے نمٹنے میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں، دہشت گردی کے خلاف کیسے لڑنا ہے ہم دنیا کو سکھا سکتے ہیں۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ دنیا میں کسی کو یہ سوچنا بھی نہیں چاہیئے کہ ہمیں نقصان پہنچا سکتا ہے، پاک فوج اس ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ کسی کے خلاف منفی عزائم نہیں رکھتے مگر اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارتی ایئر فورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی، پاک فضائیہ کے بروقت ردعمل کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور مظفر آباد سیکٹر میں 3 سے 4 میل اندر آئے، بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پے لوڈ کھلے علاقے میں گرایا، تاہم پے لوڈ گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

آئی ایس پی آر نے بھارتی طیاروں کی جانب سے جلد بازی میں پھینکے گئے پے لوڈ کی تصاویر بھی جاری کردی ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پالیسی بیان میں کہا کہ بھارت نے ایل او سی کی خلاف ورزی کی، پاکستان مناسب جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول کی حالیہ صورتحال پر اجلاس بلایا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں