کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم حسین کورات گئے دل کادورہ پڑگیا ہے،جنہیں متعلقہ اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔
ذرائع سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عاصم کو گزشتہ رات دل کا شدید دورہ پڑا، انہیں تشویشناک حالت میں متعلقہ اسپتال کے شعبہ امراض قلب کے وارڈ منتقل کیاگیا ہے،جہاں ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم ان کا طبی معائنہ کررہی ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر عاصم کی ای سی جی رپورٹ نارمل ہے اور اس وقت وہ قومی ادارہ برائے امراض قلب میں ڈاکٹروں کی زیر نگرانی ہیں، اسپتال ذرائع کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ایک اور ای سی جی کی جائے گی،اور اس کے بعد ای سی جی کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گاکہ مریض کو زیر علاج رکھا جائے یا ڈسچارج کردیا جائے۔
واضح رہے کہ سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین اور سابق سینیٹر و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین کو چھبیس اگست کو رینجرز اہلکاروں نے حراست میں لیا تھا،وہ ان دنوں نوے روزہ جسمانی ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں ہیں۔
رینجرز کی زیر حراست سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین و دیگر ملزمان کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر انہیں نیب کے حوالے کر دیا جا ئے گا۔
ڈاکٹر عاصم حسین نجی یونیورسٹیز اور اسپتالوں کے مالک ہیں اور سابق صدرآصف علی زرداری کے قریبی ساتھی تصور کئے جاتے ہیں، سابق حکومت میں وہ وفاقی وزیر پیٹرولیم تھے اور پیپلزپارٹی کے رہنما بھی ہیں۔