کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم کا کہنا ہے کہ ہمیں تو اپنے اعمال کی سزامل رہی ہے ، ن لیگ کے ساتھ جو ہو رہا ہے اس کے ذمے دار چوہدری نثار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم کی پیشی کے موقع پرصحافی نے سوال کیا کہ عمران خان ،شہباز شریف کراچی سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ، سندھ کے سیاستدانوں کے لئے کوئی خطرہ تو نہیں ؟ جس پر ڈاکٹرعاصم کا کہنا تھا کہ نہیں خطرہ کس بات کا،ہمیں تواپنےاعمال کی سزامل رہی ہے۔
صحافی نے چوہدری نثار کے حوالے سے ایک سوال کیا کہ کیا چوہدری نثارکےمعاملے پرشریف برادرن میں اختلاف پایا جاتا ہے؟ جس کے جواب میں ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ جو ہو رہا ہے اس کےذمے دار چوہدری نثار ہیں، ہمیشہ چوہدری نثار نے ن لیگ والوں کو غلط مشورے دیے۔
ایم کیو ایم سے متعلق پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی سیاست اب نظر نہیں آرہی تو صحافی نے سوال کیا ایم کیو ایم کی متبادل جماعت کونسی ہوگی ؟تو ان کا کہنا تھا کہ لوگ خود اس جماعت کا انتخاب الیکشن میں کریں گے۔
ریحام کی کتاب کے حوالے سے ڈاکٹرعاصم نے کہا کہ ریحام خان کی کتاب میں کچھ غلط ہے تو معاملہ عدالت جانا چاہیے۔