کراچی : پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ نوازشریف اور مریم نواز کو گرفتاری دے دینی چاہیئے، چیف جسٹس نے ڈیم بنانے کے حوالے سے بہت ہی اچھا اقدام اٹھایا ہے میں بھی ڈیم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالوں گا ۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کے خلاف کرپشن کیس کی سماعت ڈاکٹر عاصم اور دیگر ملزمان احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
احتساب عدالت میں پیشی کے وقت میڈیا سے بات چیت میں ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ نواز شریف،مریم نواز کو گرفتاری دینی چاہیے اور مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ چوہدری نثارٹھیک کہتےہیں وہ پاکستانی سیاست کے لئے موزوں نہیں، صحافی نے سوال کیا کہ پیپلز پارٹی کوانتخابی مہم میں تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کیا وجہ ہے؟ جس پر انھوں نے جواب میں کہا کہ سیاست میں تنقید برائے تنقید ہوتی رہتی ہے،پیپلزپارٹی پر اس کا اثر نہیں پڑے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ پانی کی قلت قومی مسئلہ بن چکا ہے، چیف جسٹس نے ڈیم بنانے کے حوالے سے بہت ہی اچھا اقدام اٹھایا ہے میں بھی ڈیم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالوں گا، دیگر سیاستدانوں اور تمام لوگوں کو اس قومی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے حصہ لینا چاہیے۔
پشاور خود کش حملے کے حوالے سے رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ پشاور حملہ انتشار پھیلانے کی سازش ہے، وفاق اور سیاستی اداروں نے اس قسم کے حملے کی پہلے ہی نشاندہی کی تھی کہ الیکشن کو سبوتاڑ کیا جائے گا۔
ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ جو بھی حالات ہوں الیکشن وقت پر ہونا چاہیے اور سسٹم چلتے رہنا چاہیے۔