کراچی: سابق وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم کی آج رہائی کی امیدیں بندھ گئیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست منظور کرلی گئی۔ پاسپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کروانے پر ان کا رہائی کا حکم نامہ جاری ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عاصم کی رہائی میں حائل رکاوٹ دور ہوگئی۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست منظور کرلی۔
درخواست ڈاکٹر عاصم کے وکیل نے دی تھی جس میں کہا گیا کہ سندھ ہائی کورٹ نے اصل پاسپورٹ ناظر کے پاس جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ اس لیے اے ٹی سی میں جمع کیا گیا پاسپورٹ واپس کیا جائے۔
مزید پڑھیں: ڈاکٹر عاصم کی ضمانت منظور
یاد رہے کہ ڈاکٹر عاصم کو ضمانت ملنے کے باوجود ان کا پاسپورٹ ہائیکورٹ میں جمع نہ ہونے پر ان کی رہائی کا معاملہ لٹک گیا تھا۔
ڈاکٹر عاصم کو اپنے پاسپورٹس جمع کروانے کی شرط کے ساتھ ضمانت ملی تھی تاہم ڈاکٹر عاصم کی جانب سے پاسپورٹ جمع کروانے کی شرط ختم کرنے کی درخواست کو گزشتہ روز جسٹس فاروق شاہ نے سننے سے انکار کردیا تھا۔
جسٹس فاروق کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈاکٹر عاصم کی ضمانت کے فیصلے کی مخالفت کی تھی۔ ضمانت جسٹس کریم خان آغا نے دی تھی، کیس ہم نہیں سن سکتے۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل سندھ ہائیکورٹ نے 479 ارب روپے کے کرپشن کیسز میں میڈیکل گراؤنڈ پر سابق وزیر برائے پیٹرولیم ڈاکٹرعاصم کی ضمانت منظور کرلی تھی۔
مزید پڑھیں: ڈاکٹر عاصم پیپلز پارٹی کراچی کے صدر مقرر
عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کو کرپشن کے 2 مقدمات میں 25، 25 لاکھ روپے کے مچلکے اور اپنے پاسپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔
ڈاکٹر عاصم کی ضمانت کی خبر ملنے کے بعد پیپلز پارٹی نے ان کے شاندار استقبال کا فیصلہ کیا تھا۔
پیپلز پارٹی ڈاکٹر عاصم پر دہشت گردوں کا علاج کرنے اور اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات میں جیل میں ہونے کے باوجود انہیں پیپلز پارٹی کراچی کا صدر بھی مقرر کر چکی ہے۔