اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

ڈاکٹر عاصم نے پیپلزپارٹی کراچی کی صدارت سے معذرت کرلی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پیپلزپارٹی کے کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر عاصم حسین نے پارٹی عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرلی۔

احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ علاج اور آپریشن کی غرض سے بیرونِ ملک جارہا ہوں اس دوران پارٹی صدر کی حیثیت سے امور سرانجام نہیں دے سکوں گا۔

ڈاکٹر عاصم حسین نے پارٹی سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ دوران علاج کارکن کی حیثیت سے کام کرتا رہوں گا اور سینئر نائب صدر راجہ رزاق بحیثیت صدر پارٹی کے امور سرانجام دیں گے۔

پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر کا کہنا تھا کہ ’پارٹی عہدہ ملنے کے بعد فعال کردار ادا کیا اور کئی دیگر پارٹی کے لوگوں کو اپنی جماعت میں شامل کروایا ، آئندہ بھی اسی طرح سے کردار ادا کرتا رہوں گا‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ عدالت نے ڈاکٹر عاصم کو بیرون جانے کی اجازت دی اور آج انہوں نے اشارہ دیا کہ وہ آپریشن کے لیے بیرونِ ملک جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے ڈاکٹر عاصم کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی

قبل ازیں ڈاکٹر عاصم نے ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکالنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس کی سماعت ڈاکٹر فائز عیسیٰ نے کی اور اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ ’قانون کا معیار یکساں نہیں، سنگین غداری سمیت مقدمات کے کئی ملزم باہر بیٹھے ہیں‘۔

عدالت کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ملزمان کے ساتھ یکساں سلوک نہیں کرتی، بیرونِ ملک مقیم ملزمان کو ملک واپس لانے کے لیے آج تک کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔

خیال رہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر ڈاکٹر عاصم حسین کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) سے نکال دیا گیا تھا جس کے بعد وہ علاج کے سلسلے میں بیرون ملک روانہ ہوگئے تھے اوراکتوبر کی چھ تاریخ کو وطن لوٹے تھے۔

عدالت سے اجازت ملنے کے بعد ڈاکٹر عاصم کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’لوگ کہتے تھے کہ میں مقدمات سے راہ فرار اختیار کر کے بیرونِ ملک جارہا ہوں اور واپس نہیں آؤں گا مگر اُن کی باتیں غلط ثابت ہوئیں‘۔

ویڈیو دیکھیں


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں