اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

سندھ کے وڈیروں نے آج بھی سندھی کوغلام بنایا ہوا ہے، ڈاکٹرفاروق ستار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہمیں آج پھر کارکن نوید کی لاش کا تحفہ دیا گیا ہے، ہمارا مشن سچائی اور حقانیت پر مبنی ہے، طاقت کے نشے میں آج ٹرک پر چڑھ کر کچھ لوگوں نے اپنی ٹھرک جھاڑی ہے، سندھ کے وڈیروں نے آج بھی سندھی کو غلام بنایا ہوا ہے، ہم چالیس سال سے جدوجہد کررہے تو وہ آج بھی جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اکٹر فاروق ستارڈ نے کہا کہ آج کراچی میں راستے بند کرکے ایک بار پھر کراچی والوں کو دیوار سے لگانے کی پالیسی پر عمل کیا گیا۔

انہوں نے سندھ کے حکمرانوں کا نام لیے بغیر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم آج سندھ کی تقسیم کو روکنے کا دعویٰ کرتے ہو لیکن سب سے پہلے پی پی نے سندھ کو تقسیم کیا، تمہارے آباؤ اجداد انگریزوں کے تلوے چاٹتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے وڈیروں نے عام سندھی کو آج بھی غلام بنایا ہواہے، ہم پاکستان میں بیس صوبے بنانے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں، ہم نے پاکستان بنایا تھا اگر ارادہ کرلیا تو صوبہ بھی بنا کر دیکھادیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ سالوں میں تم نے کراچی کے وسائل کو لوٹا ہے، آئندہ چند روز میں تمارے خلاف ایک وائٹ پیپر لانے والے ہیں، سندھ کو ہم تقسیم نہیں کررہے تم تقسیم کررہے ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ہڑتال اور احتجاج کرنے کا حق رکھتے ہیں، کراچی آج ایک ایک بوند پانی کو ترس رہا ہے جس کے ذمہ دار تم ہو، کراچی کو پانی دینے کیلئے دھرنا بھی دے سکتے ہیں، کراچی کے مسائل کو حل کرانا اور سندھ کے شہری علاقوں کو ترقی دلانا ہمارا مشن ہے، ہم اپنے مشن کی کامیابی کیلئے اپنا جمہوری حق استعمال کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ آج ذمہ داران کا اجلاس ہوا ہے، اگلا کارکنان کا اجلاس لال قلعہ گراؤنڈ میں ہوگا، لال قلعہ گراؤنڈ میں اجلاس کو کوئی نہیں روک سکتا، کارکنان کے اجلاس کے بعد جناح گراؤنڈ میں عوامی جلسہ کریں گے، ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بلو کی وفاقی پارٹی سمٹ کر آج ایک صوبے کی پارٹی بن چکی ہے۔

دریں اثناء ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج شہر کراچی پرہلہ بولا گیا، سڑکیں بند تھیں پھربھی ذمہ داران اجلاس میں پہنچ گئے، انہوں نے کہا کہ اس شہر کے وارث ہی ملک کے وارث ہیں. شہرکراچی چلتا ہے توملک پلتا ہے. کاروبارکے لیے لوگ حسب نسب تبدیل کردیتے ہیں .کوئی شریف تو کوئی بھٹو بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم تقسیم نہیں ہورہی اس کی تجدید ہورہی ہے. پیپلزپارٹی تو ذوالفقاربھٹو نے بنائی تھی جبکہ بلاول زرداری کے والد تو گینگ وارکے بانی ہیں۔

ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ لاڑکانہ کو نوے ارب روپے ملے لیکن وہ مونجو دڑو بن گیا. بائیس اگست کو کچھ لوگ چاند رات سمجھ رہے تھے. 23 اگست پران کی امیدوں پرپانی ہھرگیا. آج کا اجلاس آغاز تھا اب کارکنوں کو بھی بلائیں گے۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں