بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

ایم کیو ایم : سینیٹ ٹکٹ پراختلافات، فاروق ستار کا بڑا اعلان کرنے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سینیٹ انتخابات میں ٹکٹ دینے کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں ایک بار پھر اختلافات شدت اختیارکر کرگئے، اجلاس کے دوران فاروق ستار ناراض ہوکر اپنی رہائش گاہ چلے گئے، فاروق ستار نے کارکنان اور اراکین اسمبلی کو پی آئی بی طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستاراور رابطہ کمیٹی کے کچھ اراکین کے درمیان سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹ دینے کے معاملے پر اختلافات سامنےآئے ہیں۔

مرکزی دفتر بہادرآباد میں جاری رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فاروق ستار اورعامرخان کے اختلافات کھل کرسامنے آگئے، اس دوران جھگڑا ہوا اور بات تلخ کلامی تک پہنچ گئی جس کے بعد فاروق ستار ناراض ہوکر اپنی رہائش گاہ چلے گئے۔

وہاں پہنچ کرانہوں نے کارکنان، اراکین اسمبلی کو پی آئی بی طلب کرلیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ فاروق ستار بڑا اعلان کرنے والے ہیں، اسی لیے سب کوپی آئی بی بلایا ہے۔

دوسری جانب عامر خان نے بہادرآباد میں اجلاس طلب کرلیا ہے، خواجہ اظہار الحسن ، کنور نوید جمیل ، فیصل سبزواری اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

سربراہ ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ پارٹی پرقبضہ کرنا چاہتے ہیں، یہ لوگ پارٹی سے جانا بھی نہیں چاہتے لیکن قابض ہونا چاہتےہیں، خالد مقبول اور کنور نوید بھی انہیں لوگوں کا ساتھ دے رہےہیں، پارٹی میں من مانیاں نہیں چلنے دوں گا۔

اختلافات کامران ٹیسوری کو سینیٹربنانے کےمعاملے پر ہوئے، جبکہ  فاروق ستار ہرحال میں کامران ٹیسوری کو سینیٹر بنانا چاہتے ہیں، دوسری جانب رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ سینیٹ ٹکٹ پر پارٹی کیلئے خدمات دینے والوں کاحق ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیوایم کی پوری قیادت فاروق ستار کے فیصلے کےخلاف ہوگئی، رابطہ کمیٹی کی اکثریت نے پی آئی بی جانے سے انکار کردیا۔

تمام اہم رہنما پی آئی بی کالونی کے بجائے ایم کیو ایم  کے مرکز بہادرآباد پہنچ گئے، عامرخان، خالد مقبول، کنورنوید، فیصل سبزواری بہادرآباد میں ہی موجود ہیں۔

ایم کیوایم پاکستان کےاہم رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ کارکنوں کو نظر انداز کرکے کامران ٹیسوری کو نوازا گیا ان  پر صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ، ڈپٹی کنوینئر کا عہدہ اوردیگرنوازشات کی گئیں، کارکنوں کا حق مارنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

پارٹی ارکان کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی نے4  ناموں کو ووٹنگ کے ذریعے منتخب کیا تھا، جس میں فروغ نسیم ، نسرین جلیل، امین الحق،  شبیر قائم خانی شامل تھے۔

فاروق ستارایک کا نام ڈراپ کرکے کامران ٹیسوری کو سینیٹربنوانا چاہتے ہیں، روز روز روٹھنا اورمنانا اب نہیں چلےگا، کامران ٹیسوری کی وجہ سے پوری پارٹی تباہ ہورہی ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بہادرآباد اور پی آئی بی میں کارکنان جمع ہونا شروع ہوگئے، آدھے کارکنان بہادر آباد اور آدھے پی آئی بی پہنچ گئے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔ 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں