کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ سربراہ میں ہوں اور پارٹی دوسرے چلائیں اب یہ ایم کیو ایم پاکستان میں نہیں چلے گا، کل جذبہ خیرسگالی کے تحت بہادرآباد جاؤں گا، میرےلئےیہ 10سے12روزتکلیف دہ تھے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی بی کالونی میں انٹرا پارٹی الیکشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فاروق ستار نے کہا کہ آج ثابت ہوگیا کہ کسی بھی تحریک یاجماعت کو کارکن ہی چلاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی رابطہ کمیٹی کا کوئی وجود ہے، آئین ہے تو وہ صرف کارکنوں کی وجہ سے ہے، پارٹی سربراہ میں ہوں، پارٹی کوئی اورچلارہاہو، اب یہ ایم کیوایم پاکستان میں نہیں چلےگا، بہادرآباد میں سربراہ تو بہت سارے ہیں،
فاروق ستار نے کہا کہ انٹراپارٹی الیکشن میں کارکنان کے ووٹ سے سربراہی کا معاملہ حل ہوگا،5فروری سے آج تک لوگ ذہنی اذیت کاشکار ہیں، میرے لئے یہ10سے12روز تکلیف دہ تھے،خوشی کی بات نہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ رابطہ کمیٹی، بلدیاتی نمائندگی، میئرکراچی اور چیئرمین ڈی ایم سیز کارکنوں اور عوام کی حمایت اور تائید کی وجہ سے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریحان ہاشمی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، وہ ثابت قدم رہے، ہرطرح کے دباؤ کے باوجود اپنی جگہ پر ڈٹے رہنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں، ایم کیوایم پاکستان کی بہنیں، بیٹیاں سیسہ پلائی دیوارکی طرح اپنی جگہ قائم رہیں، نظریے پرثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے پرانہیں شاباش دیتا ہوں۔
فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ پوراہاتھی نکل کر یہاں آگیا ہے صرف دُم بہادر آباد میں رہ گئی ہے، پوری اے پی ایم ایس او میرے ساتھ کھڑی ہے۔