لاہور : ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان آج اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھالیں گی ، ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم،وزیراعلیٰ کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گی۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائےاطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے محکمہ اطلاعات کا عہدہ ملنے کے بعد اپنے بیان میں کہا پنجاب حکومت کی ترجمانی کی ذمہ داری وزیراعظم نےسونپی ، وزیراعظم،وزیراعلیٰ کی توقعات پرپورااترنےکی کوشش کروں گی۔
میڈیاسےدیرینہ تعلقات میرےلئےمعاون ہوں گے، پنجاب حکومت نےوسائل کارخ پسماندہ علاقوں کی طرف موڑا، پنجاب حکومت نے 2سال میں انقلابی اقدامات کئے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان آج اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھالیں گی اور وزیراعلیٰ کی پریس کانفرنس میں شریک ہوں گی۔
گذشتہ روز وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان سے قلمدان واپس لے لیا گیا اور فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب تعینات کر دیا گیا تھا۔
خیال رہے نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان پھر سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کی ذمہ داریاں نبھانے کی خواہش مند تھیں تاہم وزیراعظم نے انہیں پنجاب میں یہ ذمہ داری ادا کرنے کے لیے قائل کیا تھا۔