اسلام آباد : ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں عمران فاروق کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا، عدالت میں تینوں ملزمان خالد شمیم، معظم علی اور محسن علی بھی موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران فاروق قتل کیس کی سماعت ہوئی، جج شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی۔
اس موقع پر متحدہ کے سابق رہنما کے قتل میں ملوث تینوں ملزمان خالد شمیم، معظم علی اور محسن علی بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے، دوران سماعت فرانزک ایکسپرٹ رابرٹ چارلس نے ویڈیو لنک کے ذریعے برطانیہ کی عدالت سے بیان ریکارڈ کروایا۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر، برطانوی ہائی کمیشن کے وکیل ٹو بی کیڈمین بھی عددالت میں موجود تھے، ڈاکٹر عمران فاروق کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر رابرٹ چیپ مین نے اپنا بیان قلمبند کراتے ہوئے کہا کہ مقتول عمران فاروق کی موت چہرے اور سر پر زخموں کے باعث ہوئی۔
مزید پڑھیں: عمران فاروق قتل کیس ’معظم ایم کیو ایم سیکریٹریٹ سے باہر نکلا تو کانپ رہا تھا‘
یاد رہے کہ اس سے قبل کیس میں ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ عمران، اسکاٹ لینڈ یارڈ کے پولیس اہلکار بھی اپنے بیانات ریکارڈ کراچکے ہیں۔