اسلام آباد : ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت نے ایف آئی اے کو گواہان کا بیان قلمبند کرانے کے لئے مزید ایک ماہ کی مہلت دے دی، عدالت کا کہنا تھا کہ مزید وقت نہیں دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس کی سماعت حج شاہ رخ ارجمند کی سربراہی میں ہوئی، سماعت کے دوران ایف آئی اے نے ایک مرتبہ پھر عدالت سے مزید وقت کی استدعا کردی۔
اس حوالے سے ایف آئی اے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ آج غیر ملکی گواہان کا بیان ریکارڈ نہیں کیا جاسکا لہٰذا گواہان کا بیان قلمبند کرانے کے لئے مزید کچھ وقت درکار ہے۔
جس پر حج شاہ رخ ارجمند نے استفسار کیا کہ ایف آئی اے کو گواہان کابیان ریکارڈ کرانے کے لئے اور کتنا وقت درکار ہے۔
جس کے جواب میں ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ غیرملکی گواہان کا بیان ریکارڈ کرانے کے لئے ایک ماہ کی مزید مہلت دیں۔
جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ ایک ماہ کا وقت دے رہا ہوں اس کے بعد اور مزید وقت نہیں دوں گا، عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے مزید ایک ماہ کی مہلت دے دی۔
مزید پڑھیں: عمران فاروق قتل کیس ، تین اہم برطانوی گواہ پاکستان نہ آسکے
بعد ازاں عدالت نے مقدمے کی سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی۔ ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں گرفتار تینوں ملزمان کو اڈیالہ سے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔