کراچی: پاکستان میں جذام کے مریضوں کی مسیحا ڈاکٹر رتھ فاؤ کی قبر پر کیو آر کوڈ درج کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاکھوں مریضوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والی ڈاکٹر رتھ فاؤ 10 اگست 2017 کو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں تھیں۔
ڈاکٹر رتھ کی وصیت کے مطابق اُن کی تدفین سرخ جوڑے میں قومی اعزاز کے ساتھ کراچی میں واقع مسیح قبرستان (گورا قبرستان) میں عیسائی رسومات کے تحت قومی اعزاز کے ساتھ کی گئی۔
ڈاکٹر رتھ فاؤ کے مداحوں نے جذام کے مریضوں کو مسیحا کو انوکھے انداز سے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُن کی قبر پر کیو آر کوڈ آویزاں کردیا۔
Dr. Ruth Pfau’s grave in Karachi. So cool that it has a QR code you can scan to learn more about her extraordinary life. pic.twitter.com/jgoSfHthzz
— Bina Shah (@BinaShah) December 20, 2018
اس کوڈ کو موبائل میں اسکین کر کے ڈاکٹر رتھ فاؤ کی زندگی اور اُن کی خدمات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں، کوئی بھی شخص قبر پر جاکر کوڈ اسکین کرسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: ڈاکٹر رتھ فاؤ ۔ اک دھوپ تھی جو ساتھ گئی آفتاب کے
واضح رہے کہ جذام کے مرض کو پاکستان سے ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والی ڈاکٹر رتھ فاؤ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے محکمہ پاکستان پوسٹ نے ایک یادگاری ٹکٹ جاری کیا تھا جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے یادگاری سکہ بھی جاری کیا تھا۔
ڈاکٹر رتھ فاؤ طویل علالت کے بعد 10 اگست کو انتقال کر گئی تھیں، ان کا تعلق جرمنی سے تھا اور وہ 60 کے عشرے میں پاکستان آئیں تھیں اور پھر ساری زندگی پاکستان میں ہی رہیں۔
نو ستمبر1929کو جرمنی کے شہر لیپ زگ میں پیدا ہونے والی ڈاکٹر رتھ فاؤ31 سال کی عمر میں پاکستان آئیں انہوں نے جذام کے مریضوں کے لیے اپنی ساری زندگی وقت کی اور 87 برس کی عمر میں گزستہ سال دنیا سے رخصت ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر رتھ فاؤ کی خدمات کا اعتراف، اسٹیٹ بینک نے اعزازی سکہ جاری کردیا
یہ بھی یاد رہے کہ گذشتہ سال وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کراچی میں واقع سول اسپتال کو ان کے نام سے منسوب کردیا تھا۔