اسلام آباد : وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ احساس پروگرام میں ایک دن میں 49.2ارب روپے بینکوں کو منتقل کر دئیے ، مستحق افراد میں رقم کی تقسیم کےلئے ہفتہ اور اتوار کو بھی بینک کھلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکج کا آغاز ہوگیا، احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن میں49.2ارب روپےبینکوں کومنتقل کردئیے اور آج صبح صرف ڈیڑھ گھنٹے میں 25ہزار افراد نے رقم نکلوائی۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 17ہزار کیش تقسیم کاؤنٹرز قائم کر دئیے ہیں ، وزیراعظم نے رقم کی تقسیم کے لئے ڈھائی ہفتے کا وقت دیا ہے ، ڈھائی ہفتے میں ساری رقم بینکوں کےحوالے کر دیں گے ،رقم کی تقسیم کے لئے ہفتہ اور اتوار کو بھی بینک کھلیں گے۔
انھوں نے کہا کہ روزانہ لاکھوں پیغامات مستحق افراد تک پہنچائے جا رہے ہیں بہت بڑا پروگرام ہے چینلجز اور مسائل کا بھی سامنا ہے جن کے پاس میسج آیا وہ لائنز میں لگ رہے ہیں۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ 1871 پر پیغام بھیجنے پر 3طرح کے پیغام موصول ہوں گے ، آپ اس میسج کا انتظار کریں جس میں رقم دینےکی تاریخ دی گئی ہو۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ پروگرام کی شفافیت کے لئے اسے مکمل غیر سیاسی رکھا گیا ہے، وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ پروگرام سیاسی نہیں ہونا چاہیے اور ہدایت دی گئی ہے کہ سماجی تحفظ کے پروگرام غیر سیاسی ہوں گے، پروگرام کی تشہیر میں کسی سیاسی رہنماء کی تصویر نہیں لگائی گئی
گذشتہ روز احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کےتحت مستحقین کیلئے ادائیگیوں کاآغاز کیا گیا تھا ، پروگرام کےتحت ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو ماہانہ بارہ ہزار روپے دیئے جا رہے ہیں، پروگرام میں ملک بھرکےمستحقین میں 144 ارب روپےتقسیم کئےجائیں گے۔
معاون خصوصی ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ ادائیگی مراکزپرکورونا سےبچاؤ کیلئے خاص اقدامات کئے ہیں، کڑےوقت میں امداد ملنے پرشہری بھی حکومت کےشکرگزار ہیں، مختلف شہروں میں سترہ ہزار پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔
خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ضرورت مندوں میں نقدرقوم کی منتقلی حکومت کابڑاکارنامہ ہے، پاکستان کی تاریخ میں کسی حکومت نے اتنی بڑی رقم کی تقسیم کاآغازنہیں کیا۔