اسلام آباد : معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ احساس راشن رعایت پروگرام کامیاب ہونے پر سبسڈی 6 چیزوں تک بڑھا دی جائے گی، جس گھرانےکی آمدن50ہزارتک ہے، وہ بھی اپلائی کرسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ احساس راشن رعایت پروگرام ٹارگٹڈسبسڈی ،غربت کے خاتمے کیلئے ہے، 120 ارب روپے کے پروگرام سے 2کروڑ خاندان مستفید ہوں گے۔
ڈاکٹرثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ شفافیت کو اس پروگرام میں ملحوظ خاطر رکھا جائے گا، مستحق خاندانوں ،کریانہ دکانداروں کی الگ سے رجسٹریشن کر رہے ہیں۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ پروگرام میں35فیصد وفاق اور 65فیصدصوبائی حکومتیں دےرہی ہیں، جو صوبے پیسے نہیں ڈالیں گے ، وہاں وفاق 35 فیصد سبسڈی دے گی، اس وقت ترجیح ہےکہ احساس راشن رعایت پروگرام چلے۔
ان کا کہنا تھا کہ اتنی تیزی سے اتنا بڑا پروگرام دنیا میں کبھی نہیں آیا، پروگرام کامیاب ہونے پر سبسڈی 6 چیزوں تک بڑھا دی جائے گی۔
ڈاکٹرثانیہ نشتر نے کہا کہ سروے میں لوگوں کی آمدن نہیں پوچھتے، سروے میں دیکھا جاتا ہے کہ گھر کچا پکا ہے لوگ کیسےہیں، جس گھرانےکی آمدن50ہزارتک ہے، وہ بھی اپلائی کرسکتے ہیں، ایک چھت کےنیچے 3 بھائی رہتے ہیں تو وہ 3 گھرانے کاؤنٹ ہوں گے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پروگرام لانچ ہوگیا رجسٹریشن چل رہی ہے ، 15دسمبرسبسڈی کی ڈیڈ لائن رکھی ہے۔