کراچی : محکمہ داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار کا کہنا ہے کہ ، ڈاکٹر شاہنوازقتل کیس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتیں گے، مختلف پہلوؤں سےتحقیقات کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر شاہنواز کیس کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہےہیں اور ڈاکٹر شاہنواز کے فون کی جانچ پنجاب فارنزک لیب سے کرا رہے ہیں۔
ضیاالحسن لنجار کا کہنا تھا کہ قتل اور توہین کیس کی تحقیقات میں تمام قانونی کام مکمل کئے جا رہے ہیں، سوشل میڈیا پوسٹ کی تحقیقات میں ایف آئی اے شامل ہے جبکہ قانون نافد کرنے والے ادارے بھی اپنی الگ سے تحقیقات کر رہے ہیں۔
محکمہ داخلہ سندھ نے مزید کہا کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد ہر پہلو سے تفتیش کی جائے گی اور کیس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتیں گے، کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، قانون سب پر لاگو ہے۔
یاد رہے جعلی پولیس مقابلے میں ڈاکٹر شاہنواز کے قتل کا مقدمہ میرپورخاص کے سندھڑی تھانےمیں درج کرلیا گیا ہے، ایف آئی آر میں سابق ڈی آئی جی جاوید جسکانی، دو ایس ایس پیز اور لوگوں کو اشتعال دلانے والے سمیت پینتالیس افراد نامزد ہیں، مقدمے میں قتل دہشت گردی اور دیگر سنگین دفعات شامل ہیں۔
درج ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا تھا کہ ڈاکٹر شاہنواز کو پولیس نے اپنی حراست میں قتل کیا، اس قتل میں تمام وہ لوگ شامل ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو اکسایا، قتل کا مقدمہ ڈاکٹر شاہنواز کے بہنوئی ایڈووکیٹ ابراہیم کی مدعیت میں درج ہوا۔