پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

صدر مملکت کا ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین کے لیے ستارہ امتیاز کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: صدر مملکت آصف علی زرداری نے آغا خان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین کے لیے ستارہ امتیاز کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر صدر آصف علی زرداری نے آغا خان یونیورسٹی کے صدر اور وائس چانسلر ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین کو پاکستان میں تعلیم اور معیار زندگی کی بہتری کے لیے ان کی گراں قدر کی خدمات پر ستارہ امتیاز سے نوازا۔

ستارہ امتیاز پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا سول اعزاز ہے اور صدر پاکستان کی جانب سے فنون، ادب، کھیل، سائنس اور سماجی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں یہ ایوارڈ دیا جاتا ہے۔ اس ایوارڈ کا مقصد ان لوگوں کو اعزاز دینا ہے جنھوں نے ملکی ترقی کے لیے کار ہائے نمایاں انجام دیے ہیں۔ ڈاکٹر شہاب الدین کو یہ ایوارڈ 23 مارچ 2025 کو اسلام آباد میں سرمایہ کاری سے متعلق ایک تقریب میں دیا جائے گا۔

صدر شہاب الدین کے دور میں آغا خان یونیورسٹی میں طلبہ اور فیکلٹی کی تعداد میں اضافہ ہوا اور تحقیق، تعلیم اور پالیسی سازی میں اس کے اثرات نظر آئے۔ ڈاکٹر شہاب الدین کی قیادت میں آغا خان یونیورسٹی نے پاکستان میں تحقیق کے میدان میں اعلیٰ مقام حاصل کیا اور بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ درجے کے مطالعہ جات اور اسٹڈیز کی اشاعت اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

2022 کے تباہ کن سیلاب جیسے بحران کے دوران ڈاکٹر شہاب الدین کی نگرانی نے اہم کردار ادا کیا۔ آغا خان یونیورسٹی نے ان کی رہنمائی میں متاثرہ علاقوں میں سیلاب کے کیمپوں میں موجود افراد کو صحت، تعلیم سمیت ضروری امداد فراہم کی۔

بطور صدر صرف اپنے ابتدائی دو سالوں کے دوران ڈاکٹر شہاب الدین نے بین الاقوامی اور مقامی سطح پر اہم شراکتیں قائم کیں، جن میں امریکا کی مشی گن یونیورسٹی اور واشنگٹن یونیورسٹی، کینیڈا میں میک ماسٹر یونیورسٹی، آئرلینڈ کی مینوتھ یونیورسٹی، یونیورسٹی آف دارالسلام، پاکستان میں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن اور دیگر شامل ہیں۔

دریں اثنا، آغا خان یونیورسٹی انیقہ بانو کا جشن بھی منا رہا ہے جو انسٹیٹیوٹ فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ کی سابق طالبہ ہیں اور انھیں صدر پاکستان کی جانب سے فخر پاکستان کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ آغا خان یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ کا حصہ بننے کے بعد اپنی سماعت سے محروم بیٹی کی پرورش کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے بعد انیقہ نے اپنے شوہر افضل رسول کے ساتھ مل کر نرجس خاتون کے نام سے سماعت سے محروم بچوں کے اسکول کی بنیاد رکھی۔ وہ اسکردو کے گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن فار ویمن میں انسٹرکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں جو تعلیم کے لیے ان کی لگن اور مختلف معذور بچوں کی مدد کی شاندار مثال ہے۔

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں