ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس کے پہلے پاکستانی نژاد مسلمان رکن اسمبلی ڈاکٹر سلیمان لالانی نے حلف اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے پہلے پاکستانی نژاد مسلمان رکن اسمبلی ڈاکٹر سلیمان لالانی نے حلف اٹھا لیا، ڈاکٹر سلیمان لالانی نے ریاست ٹیکساس کی اسمبلی میں قرآن پاک پر حلف اٹھایا۔
اس موقع پر ان کی اہلیہ اور والدہ بھی ان کے ساتھ تھیں، حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے ہیوسٹن سے متعدد بسوں پر ڈیموکریٹ رکن ڈاکٹر سلیمان لالانی کے ریاستی حلقے کے عوام ٹیکساس کے کپیٹل آسٹن گئے، پاکستانی کمیونٹی بھی بڑی تعداد میں تقریب میں شریک ہوئی۔
ڈاکٹرسلیمان لالانی نے حلف برداری کے بعد ریاست میں صحت کے شعبے میں قانون سازی کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ ٹیکساس ہاؤس 150 نمائندوں پر مشتمل ہے، اور رکن منتخب ہونے کے لیے پہلی شرط یہ ہے کہ رکن کم از کم 2 سال ریاست میں رہا ہو، اور ضلعی سطح پر کم از کم ایک سال تک نمائندگی کی ہو۔