لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ تا حال سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کسی قاتل کو سزا نہیں ملی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر طاہر القادری نے مرکزی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کسی قاتل کو سزا نہیں ملی، ہم فیصلہ چیلنج کریں گے۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ قاتل آزاد ہیں، فیصلہ چیلنج کر کے کارکنوں کو انصاف دلوائیں گے۔
سربراہ پی اے ٹی کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث افسروں کو محکمانہ انکوائری کی تکلیف سے بھی بچایا گیا، ظلم کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو نظام نے قیدی بنا دیا ہے۔
ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ شہدا کے ورثا کو 5 سال سے غیر جانب دار تفتیش کا حق نہیں ملا، تا حال کسی قاتل کو سزا نہیں ملی، فیصلہ چیلنج کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: طاقتور آج بھی طاقتور اور انصاف کمزور ہے، طاہر القادری
یاد رہے کہ طاہر القادری گزشتہ سال ستمبر میں سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد سے کہہ رہے ہیں کہ وہ اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔
26 ستمبر 2018 کو لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں نواز شریف اور شہباز شریف سمیت 9 سیاست دانوں اور تین بیورو کریٹس کی طلبی کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ان کے نام ملزمان کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔
واضح رہے کہ 17 جون 2014 میں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں جامع منہاج القرآن کے دفاتر اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری کی رہایش گاہ کے باہر بیرئیر ہٹانے کے لیے خونی آپریشن کیا گیا، جس میں خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق جب کہ 90 افراد زخمی ہو گئے تھے۔