لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے حلف نامہ ختم نبوت میں ترمیم کے معاملے پر حکومتی تحقیقاتی کمیٹی کو مسترد کردیا، ان کا کہنا ہے کہ نواز لیگی کمیٹی منظور نہیں معاملہ پانامہ جے آئی ٹی کے حوالے کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے حلف نامہ ختم نبوت میں ترمیم پر حکومتی تحقیقاتی کمیٹی کو مسترد کرتے ہوئے معاملہ پانامہ جے آئی ٹی کے حوالے کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ان خیالات کا اظہار ڈاکٹرطاہرالقادری نے جامعہ منہاج القرآن لاہورمیں علوم الحدیث کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کیلئے ہمیں مسلم لیگ ن کی کمیٹی منظور نہیں، اس سنگین جرم کی تحقیقات سپریم کورٹ کی سطح پر غیرجانبدار جے آئی ٹی کی طرف سے ہونی چاہیئے اور ذمہ داروں کو کڑی سزائیں ملنی چاہییں، چور اپنی چوری کی تحقیقات خود کیسے کر سکتے ہیں؟
مزید پڑھیں: ترمیم اتفاق رائے سے منظور، ختم نبوت ﷺ کا حلف نامہ بحال
ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ نااہل شخص کو پارٹی سربراہ بنانے کی اجازت دینا آئین سے بغاوت ہے کیونکہ چور، ڈاکو، لٹیرا ملک یا جماعت کا سربراہ کیسے بن سکتا ہے؟ آئین کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو حکومت کا تختہ الٹ جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طاقتور طبقہ اعلی عدلیہ اور پاک افواج کو مغلظات بک رہا ہے لیکن میں حیران ہوں کی ادارے ان لوگوں کی اس حرکت پر خاموشی کیوں اختیار کیے ہوئے ہیں؟