لاہور: سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹرطاہرالقادری وطن واپس پہنچ گئے، وہ غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے استنبول سے لاہور پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ پر کارکنان کی جانب سے ڈاکٹرطاہرالقادری کا بھرپور استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
ڈاکٹرطاہرالقادری کی وطن واپسی پر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان نے 4 سال ہمارے ساتھ ماڈل ٹاؤن شہدا کے لیے آواز اٹھائی، عمران خان ماڈل ٹاؤن شہدا سے متعلق اب اپنے وعدے کی پاسداری کریں۔
انہوں نے کہا کہ اب قاتلوں کی نہیں انصاف دلانے والوں کی حکومت ہے، سانحہ کے ذمہ دار کسی ایک بھی مجرم کو اب تک سزا نہیں ملی۔
سربراہ پی اے ٹی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت سے مطالبہ ہے کہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو سزا دے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے راستے میں 116 پولیس افسر رکاوٹ ہیں۔
طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ شہدا کو انصاف کی فراہمی کے لیے 116 پولیس افسران کو معطل کیا جائے، نئی حکومت کے لیے پہلا ٹیسٹ 116 پولیس افسران کی معطلی ہے، قاتل پولیس افسران کو عہدوں سے ہٹا کر گھر بھیج دیا جائے۔
اس موقع پر انہوں نے نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی، طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ مرحومہ کے پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
ہالینڈ میں منسوخ کیے گئے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ رکوانے میں پی اے ٹی کا اہم کردار رہا۔