جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

جسٹس باقرنجفی کی رپورٹ منظرعام پرلائی جائے، طاہرالقادری

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انصاف نہ ملنے کیخلاف پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان سڑکوں پرآ گئے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جسٹس باقرنجفی کمیشن کی رپورٹ منظرعام پر لانے کا مطالبہ کر دیا، انہوں نے کہا کہ انصاف اور قصاص کی جنگ جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء کو انصاف نہ ملنے کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام ایوان اقبال سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ریلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرطاہرالقادری نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ پاکستان عوامی تحریک شہداء ماڈل ٹاؤن کا قصاص لے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے، حکومت بے گناہوں کا بہنے والا خون چھپا نہیں سکے گی۔

ڈاکٹرطاہرالقادری کہا کہ جواب دیا جائے کہ پولیس ماڈل ٹاؤن کیوں آئی تھی؟ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقصد کیا تھا؟ کچھ لوگ انقلاب کی تحریک سے خوفزدہ تھے اسی لیے قتل عام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انصاف چاہئیے،انصاف اورقصاص کی جنگ جاری رکھیں گے، پہلامرحلہ ہوچکا ہے، دوسرا اورتیسرامرحلہ باقی ہے۔

ڈاکٹرطاہرالقادری نے حکومت کو تنبیہہ کی کہ مایوس ہو کرقانون کو ہاتھ میں لیا تو کوئی نہیں بچے گا، ہم پرامن ہیں، ہمیشہ دہشت گردی کی پرزورمذمت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ یکطرفہ رپورٹ میں بھی انہیں قتل عام کا ذمہ دارقراردیا گیا، جسٹس عیسیٰ کی رپورٹ پیش نہ کرنے پر حکومت دباؤ ڈال رہی تھی، کیا ملک میں عدل کے 2 پیمانے ہیں۔

سربراہ پاکستان عوامی تحریک طاہرالقادری نے کہا کہ جس اسلحہ سے فائرنگ کی گئی اسے فرانزک ٹیسٹ کیلئے اب تک نہیں دیا گیا، پولیس کےاعلیٰ ذمہ داروں میں سےکوئی عدالت میں پیش نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ عجیب انصاف ہے مدعیوں کےخلاف ہی مقدمات چل رہے ہیں۔

قبل ازیں ریلی سے پاکستان تحریک انصاف، مجلس وحدت المسلمین، جمیعت علماء پاکستان نیازی گروپ اور دیگر جماعتوں کے قائدین نے بھی خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ انصاف لینے کے لیے حکمرانوں کے خلاف عوام کو متحد ہونا ہوگا۔

اسی سے متعلق : آج مال روڈ پر پریس کلب کے قریب مظاہرہ کریں گے، طاہر القادری

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں