کراچی : بلڈ ڈیزیز کے اسپیشلٹ ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا ہے کہ کورونا کے مریض کو پلازمہ مفت فراہم کیا جائے گا، لوگ کورونا متاثرین کے بچاؤ کیلئے آگے آئیں۔
تفصیلات کے مطابق بلڈ ڈیزیز کے اسپیشلٹ ڈاکٹر طاہر شمسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شروع میں دستیاب کٹس کی کوالٹی پرسوالات تھے تاہم ہمیں لاک ڈاؤن نرمی سے پہلے یہ جاننا ہوگا کہ کتنے اینٹی باڈیز ہیں۔
ڈاکٹرطاہرشمسی کا کہنا تھا کہ کورونا کے مریض کو پلازمہ مفت فراہم کیاجائےگا، سرکاری ہو یانجی اسپتال پلازمہ ڈونیٹ مفت کیاجائے گا، لوگ کورونا متاثرین کے بچاؤ کیلئے آگے آئیں۔
یاد رہےڈاکٹر طاہر شمسی نے کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے ایک اہم ٹیسٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اینٹی باڈیز ٹیسٹ کی مدد سے کرونا سے صحت یاب افراد کی پہچان ہو سکتی ہے۔
انھوں نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت چاہے تو ایس او پیز کے تحت معیشت کا پہیا چل سکتا ہے، وفاق کا محکمہ صحت مہربانی کرے، اینٹی باڈی کا ٹیسٹ دستیاب ہونا ضروری ہے، شہری اپنے اپنے ٹیسٹ کروا کے اپنے اپنے کاموں پر جا سکتے ہیں۔
ماہر امراض خون کا کہنا تھا کہ اینٹی باڈیز ٹیسٹ ان تمام لوگوں کی نشان دہی کرے گا جو کرونا سے بغیر علامات کے متاثر ہوئے ہیں، این ڈی ایم اے اور وفاقی صحت کے اداروں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس معاملے پر بھی توجہ دی جائے۔
واضح رہے کہ جناح اسپتال میں کرونا کے مریضوں کے لیے پلازما تھراپی کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اس سلسلے میں این آئی بی ڈی اور جناح اسپتال میں پلازما امونائزیشن کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو ئے تھے[، ملک میں پہلی مرتبہ کو وِڈ نائنٹین میں پلازما امونائزیشن استعمال کیا جا رہا ہے۔