لاہور: وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ میاں صاحب سے کل ملاقات ہوئی تھی، نوازشریف ڈاکٹرز کے طریقہ علاج سے مطمئن ہیں، انہیں کوامیونوگلوبلین کے انجکشنز لگائے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو ’باخبرسویرا‘ میں گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی بیماری سے متعلق پلیٹ لیٹس کی کمی کی وجہ تشخیص کرلی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پلیٹ لیٹس بن رہے ہیں مگر جلدی ختم بھی ہورہے ہیں، مسئلےکے حل کیلئے دوا دینا شروع کردی ہے، امید ہے ان کی صحت کی بحالی جلد شروع ہوجائے گی۔
وزیرصحت پنجاب کا کہنا تھا کہ نوازشریف صاحب نے مجھے کہا علاج سے مطمئن ہیں، ماہر ڈاکٹر طاہرشمسی سے میاں صاحب کی بات ہوئی ہے، میاں صاحب کی بیماری کا علاج ملک میں موجود ہے۔
نواز شریف ملک میں علاج سے مطمئن ہیں، یاسمین راشد
یاد رہے کہ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہر شمسی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 2 سے 3 دن میں نواز شریف کی صحت میں بہتری آنا شروع ہوگی، میاں صاحب کے ٹیسٹ ٹھیک آئے ہیں، صرف پلیٹ لیٹس میں کمی ہورہی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ آج صبح سے نواز شریف کی طبیعت بہتر ہے، صبح سے ان کے پلیٹ لیٹس بہتر ہیں کم نہیں ہوئے، ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ نواز شریف کا بون میرو بالکل ٹھیک کام کررہا ہے۔