لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے نوازشریف کو پاکستان واپس آنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا اگر نواز شریف نے سیاست کرنی ہے تو ملک واپس آئیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی تقریر پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے درعمل دیتے ہوئے کہا کہ بڑی اچھی بات ہے ، نواز شریف بغیرعلاج کے ٹھیک ہورہے ہیں ، نوازشریف کو پاکستان واپس آنےکامشورہ ہے، اگر نواز شریف نے سیاست کرنی ہے تو ملک واپس آئیں۔
نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس جعلی نہیں، میڈیکل بورڈ کو کوئی بیوقوف نہیں بنایا گیا ، 10باراس معاملےپروضاحت دےچکی ہوں۔
یاد رہے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا تھا کہ نواز شریف مکمل صحت مند دکھائی دیے ہیں، واضح ہو گیا کہ باہر جانے کے لیے بیماری کی شعبدہ بازی کی گئی، ادارے نواز شریف کی تقریر کا از خود نوٹس لیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا نواز شریف نے کہا انتخابات کو مینج کیا جاتا رہا ہے، نواز شریف بھول گئے کہ وہ خود 3 بار وزیر اعظم رہے، عمران خان تو پہلی بار وزیر اعظم بنے ہیں، اقتدار میں ہوں تو سب ٹھیک، اپوزیشن میں ہو تو جمہوریت خطرے میں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے خود کہا نواز شریف کی تقریر نشر ہونے دیں، میڈیا آزاد ہے، ہمیں بھی کیا کیا کچھ نہیں کہا جاتا، وزیر اعظم نے واضح ہدایات دیں میڈیا کے خلاف اقدام نہ کریں، نواز شریف کی تقریر براہ راست نشر ہونے سے یہ خود بے نقاب ہوئے، قوم کو پتا چلا ان کی باتوں میں کتنی منافقت ہے۔