لاہور : پنجاب میں کورونا کی چوتھی لہرشدت اختیار کرنے کے خدشے کے پیش نظر تمام سرکاری اسپتالوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے صوبے میں کورونا کی چوتھی لہرشدت اختیار کرنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے تمام سرکاری اسپتالوں میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کوروناکی چوتھی لہر خطرناک حدتک مریضوں کومتاثرکررہی ہے اور اموات کی شرح میں تیزی سےاضافہ ہورہاہے جبکہ مثبت کیسزکی شرح میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام سرکاری اسپتال طبی سہولیات کی تفصیلات پیش کریں، سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولیات میں اضافہ کیاجارہاہے۔
خیال رہے پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز اور شرح میں اضافہ ہورہا ہے، صوبے میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 4.1 اور صوبائی دارالحکومت لاہور میں مثبت شرح 5.4 ریکارڑ کی گئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے 815 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے بعد صوبہ بھر میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 13,472 ہو گئی۔
سیکرٹری سارہ اسلم کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز لاہور میں 1 ہلاکت سمیت صوبہ بھر میں مجموعی 8 اموات رپورٹ ہوئے ، جس کے ساتھ ہی صوبہ بھر میں اموات کی کل تعداد 11,057 ہو گئی ہے۔