لاہور : وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے سرکاری اسپتال کو تمام شعبہ جات معمول کے مطابق کھولنے کی ہدایت کردی اور کہا پنجاب میں کورونا کے مریضوں میں حیرت انگیز کمی واقع ہورہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے مریضوں کو خوشخبری سناتے ہوئے سرکاری اسپتال کوتمام شعبہ جات معمول کے مطابق کھولنے کی ہدایت کردی اور کہا سرکاری اسپتالوں میں معمول کی سرگرمیوں کا آغاز کردیا جائے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کوروناکے مریضوں میں حیرت انگیز کمی واقع ہورہی ہے، میو، یکی گیٹ، ایکسپوسنٹراسپتال اور پی کے ایل آئی میں بھی میں کورونا مریضوں کاعلاج جاری رہے گا جبکہ کوروناکے نئے مریضوں کولاہورکے 4اسپتالوں میں ریفر کیا جائے گا۔
صوبائی وزیرصحت نے کہا طبی درسگاہوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کا فیصلہ جلد کرلیا جائے گا، آرآئی یو کےعلاوہ تمام اسپتال معمول کے مطابق کھلیں گے۔
کورونا کے مریضوں کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ بینظیر بھٹواسپتال میں کورونا کے صرف 10مریض ، ملتان کے نشتراسپتال میں کورونا کے صرف 27 مریض زیرعلاج ہیں جبکہ گوجرانوالہ میں 9 روز سے کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ڈی جی خان میں کوروناکے صرف دومریض ، گجرات میں کوروناکےصرف تین مریض زیرعلاج ہیں، مریضوں کی بڑی تعداد صحت یاب ہوکرگھروں کو جا چکی ہے جبکہ کورونا وائرس کے مریضوں کا بہترین علاج جاری ہے۔